منگلورو23؍جولائی (ایس او نیوز)ایک نجی سوئمنگ پول میں تیرنے کے دوران تلچھٹ کے کیچڑ میں پھنس کر ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ غرقاب ہونے والے نوجوان کی شناخت محمد خلیل (۳۰سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو اُلال کا رہنے والا تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق محمد خلیل اپنے بھائی اور پانچ دوستوں کے ساتھ منجاناڈی میں اپنے رشتے دار کے گھر پر گیا ہوا تھا وہاں سے وہ لوگ مونٹے پاڈو میں واقع ایک نجی سوئمنگ پول میں تیرنے کے لئے گئے۔لیکن تیرتے وقت خلیل تالاب کی تہہ میں موجود کیچڑ میں پھنس گیا اور اس کی موت واقع ہوگئی ۔آدھے گھنٹے بعداس کی لاش سوئمنگ پول سے نکالی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ خلیل کے کیچڑ میں پھسنے کی بات کافی دیر بعد معلوم ہوئی، جب اُنہوں نے دیکھا کہ خلیل نظر نہیں آرہا ہے۔بعد میں انہوں نے خلیل کو تلاش کرنا شروع کردیا مگر اُس وقت تک کافی دیر ہوچکی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ سوئمنگ پول محمد عباس نامی ایک شخص کی ملکیت ہے اوریہاں پر تیرنے کے لئے بہت سارے نوجوان آیا کرتے ہیں ۔جس کے لئے فیس بھی وصول کی جاتی ہے۔ لیکن کسی ایمرجنسی میں جان بچانے کے لئے یہاں پر لائف گارڈ نہ ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔کوناجے پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔